لائف اسٹائل مذہب

رمضان المبارک کے لیے اینڈرائیڈ کی بہترین ایپس

15 شعبان سے ہی تمام مسلمان رمضان المبارک کے استقبال کی تیاریوں میں مصروف ہوجاتے ہیں۔ اوّل وقت میں با جماعت نماز ادا کرنے کی کوشش کی جاتی ہے، تلاوتِ قرآن کا اہتمام کیا جاتا ہے اور ساتھ ساتھ راشن کی فہرست بھی ترتیب دی جاتی ہے۔ رمضان اپنے ساتھ بے تحاشا  فضائل اور برکات لے کر آتا ہے۔ روایت یہ بھی ہے کہ اس پاک مہینے میں نفل عبادت کا ثواب سنت کے برابر، سنت کا ثواب فرض کے برابر اور فرض کا ثواب دس گناہ بڑھا دیا جاتا ہے۔

اکثر مسلمان اس  کوشش میں رہتے ہیں کہ ماہ صیام  زیادہ سے زیادہ عبادت کرسکیں۔  لیکن زندگی کی  روزمرہ مصروفیات اور وقت کی کمی دو ایسے عنصر ہیں جن کی وجہ سے ہم میں سے زیادہ تر لوگ چاہ کر بھی اپنا معیاری وقت رمضان کی عبادات میں  نہیں گزار  پاتے اور ایک تشنگی محسوس کرتے ہیں۔ رمضان گزرنے کے بعد ہاتھ ملتے رہ جاتے ہیں اور اس عزم سے کہ اگلے سال کر لیں گے کی امید پر ایک بار پھر دنیاوی زندگی کے چکروں میں پڑ جاتے ہیں۔

پچھلے کچھ برسوں میں اسمارٹ فونز نے بہت تیزی سے عوام میں مقبولیت حاصل کی ہے۔ جہاں اس کے مختلف افعال اور خصوصیات سے نوجوان نسل نے اپنا قیمتی وقت ضایع کیا وہیں کافی مفید اور کارآمد ایپس نے انسانی زندگی کو آسان بھی بنایا۔  ہم نے رمضان کے حوالے سے ایسی ہی کچھ ایپس تلاش کیں  جن کے استعمال سے  رمضان کے معمولات میں کچھ بہتری  لائی جاسکے۔ چند بہترین ایپس  کی تفصیلات درج ذیل ہیں۔

اسلام 360 (Islam360)

اسلام 360 نہایت جامع، مفصل اور عمدہ ایپ ہے۔ یہ ایپ کل پانچ زمروں، ہوم،  قرآن، حدیث، عبادت اور متفرقات میں بٹی ہوئی ہے۔  ہوم اسکرین پر ہجری اور عیسویں کیلنڈر، قبلے کی سمت، آج کی آیت، آج کی حدیث اور دعا ہے۔ قرآن کے زمرے  میں مزید ذیلیاں ہیں جو استعمال کنندہ کو یہ اختیار دیتی ہیں کہ وہ تلاوت کے لیے مطلوبہ سورۃ کا انتخاب کرسکتا ہے یا پاروں کی ترتیب وار تلاوت کرسکتا ہے۔ اس کی ایک ذیلی میں ہم مضمون کے تحت بھی قرآنی آیت تلاش کرسکتے ہیں اور  حوالے کے لیے کسی مخصوص آیت پر نشانی بھی لگا سکتے ہیں۔ اس کے علاوہ ایک ذیلی یہ اختیار بھی دیتی ہے کہ ہر آیت کا لفظ بہ  لفظ ترجمہ بھی پڑھا جا سکے۔ اس کی افادیت اور  وسعت کا اندازہ اس بات سے لگایا جا سکتا ہے کہ اس میں احادیث کی تمام مستند کتابیں جیسےصحیح بخاری، مسلم، ترمذی، سنن ابوداؤد، النسائی، ابنِ ماجہ وغیرہ  مع اردو اور انگریزی ترجمہ موجود ہیں۔ یہی نہیں عبادات کے حصّے میں نماز، روزہ، نمازِ جنازہ کی دعائیں اور حج اور عمرہ کی تفصیلات بھی موجود ہیں۔ متفرقات میں اسماالحسنیٰ، حضرت محمد ؐ کے اسماے گرامی، مسنون دعائیں، تسبیح کاؤنٹر اور نماز کے اوقات وغیرہ موجود ہیں۔ یہاں یہ بات بھی قابلِ ذکر ہے کہ یہ ایپ جامعہ بنوریہ عالمیہ سے تصدیق شدہ ہے۔

اسلام 360 یہاں سے ڈاؤن لوڈ کریں

اسلام پرو (Islam Pro)

موضوعات کے اعتبار سے یہ ایپ بھی نہایت وسیع ہے۔  اس میں قرآن، مسنون دعائیں، ہجری کیلنڈر مع (رمضان میں) سحری اور افطار کے اوقات، نماز کے لیے ریمائنڈر، قبلے کی سمت کے علاوہ اسماالحسنیٰ، زکوۃ کیلکولیٹر، تسبیح کاؤنٹر اور حج اور عمرہ کے لیے ہدایت نامہ بھی موجود ہیں۔ جدید طرز کی یہ ایپ  اس لیے بھی کا فی مفید ہے کہ اس میں روزانہ ایک عدد قرآنی آیت، ایک حدیث اور ایک اسلامی قول کے انگریزی ترجمے کا نوٹیفکیشن  آتا ہے۔ اگر ایپ کھول کر باقاعدہ استعمال کرنے کا وقت نہیں، تو بھی یہ نوٹیفکیشن پڑھ کر اس کے ثمرات سے بھرپور فائدہ اُٹھایا جا سکتا ہے۔ افطار سے پہلے کے 15 سے 20 منٹ انتہائی طویل لگتے ہیں، اکثر دیکھا گیا ہے کہ لوگ اس دوران  ٹی وی کے سامنے براجمان ہوجاتے ہیں یا پھر بیٹ بال سے ٹک ٹک کرتے نظر آتے ہیں۔ اس وقت کو گزارنے کے لیے بھی فائدہ مند سہولت موجود ہے؛ ایپ کا ایک حصہ قصص الانبیا، اسلامی کہانیاں اور قرآن کے معجزے کے لیے مختص ہے۔ جس سے نہ صرف معلومات میں اضافہ ہوگا بلکہ وقت بھی گزر جائے گا۔

نوٹ: افطار سے پہلے اگر خوب گڑگڑا کر اللہ تعالیٰ سے دعا مانگی جائے تو یہ  وقت کا سب سے بہترین استعمال ہے۔

اسلام پرو یہاں سے ڈاؤن لوڈ کریں

رمضان لگیسی (Ramadan Legacy)

اگر آپ مزاجاً ایک منظم انسان ہیں تو یہ ایپ آپ کو ضرور پسند آئے گی۔ رمضان لگیسی  ہم نے پچھلے سال ڈاؤن لوڈ کی تھی۔ نہ صرف اس کے گرافکس خوب صورت ہیں بلکہ یہ انتہائی مفید بھی ہے۔ اس ایپ میں ہم رمضان کے 30 دنوں کی منصوبہ بندی کرسکتے ہیں۔ اور خود ہی اپنا احتساب کرسکتے ہیں۔  پانچ نمازوں، تراویح اور قرآن کی تلاوت کے لیے to do list موجود ہے جہاں آپ اپنی پروگریس درج کر سکتے ہیں اور پھر اپنے ہر روزے کا موازنہ پچھلے دن سے کر کے اس بات پر بھی غورکرسکتے ہیں کہ آپ کا آج کل سے کیسے بہتر ہے۔ اس میں موجود ’جرنل‘ میں اپنے دن کا احوال لکھا جا سکتا ہے۔  اس کے علاوہ  اس میں موجود’ daily deeds ‘ ایک اور منفرد فیچرہےجو ذاتی طور پر میرا پسندیدہ ہے۔ اس میں روزانہ  ایک نئی نیکی کی ترغیب دی جاتی ہے اور اگر آپ  وہ نیکی کرلیں تو اس پر درست (tick)   کا نشان لگالیں۔ مثلاً: جب اپنے لیے افطار کی تیاری کریں تو ایک حصہ اپنے پڑوسیوں کے لیے بھی نکالیں یا اپنی غیر استعمال شدہ چیزیں ضرورت مندوں میں تقسیم کریں،  وغیرہ۔ اس کا فائدہ یہ ہوتا ہے کہ اگر آپ کسی دن اس پر عمل نہیں کرسکے تو جب آپ اس کا موازنہ اپنے پچھلے روزے سے کریں گے تو آپ کو افسوس ہوگا اور آپ اپنا اگلا روزہ بہتر بنانے کے لیے نیکی کا عمل کرنے کی پوری کوشش کریں گے۔ رمضان کی آخری ساعتوں میں جب آپ اپنے پورے مہینے کی منصوبہ بندی دیکھیں گے تو  آپ کو اطمینان اور تقویت محسوس  ہوگی کہ آپ نے ہر عبادت کی اور جو خدانخواستہ کوئی نماز قضا ہو گئی یا قرآن مکمل ہونے میں کچھ پارے رہ گئے تو رمضان ختم ہونے سے پہلے ان کی بھی ادائی ہوسکے گی۔

رمضان لگیسی یہاں سے ڈاؤن لوڈ کریں

لرن قرآن تجوید (Learn Quran Tajvid)

ویسے تو ایپ اسٹور پر متعدد ڈیجیٹل قرآن   ایپس موجود ہیں جن سے کئی لوگ دورانِ سفر استفادہ بھی کرتے ہیں۔ لیکن قرآن بمع  تجوید کے بات کریں تو یہ  تعداد قدرے کم ہے۔ جن لوگوں کو قرآن کی تلاوت تجوید سے کرنے کا شوق ہے لیکن وقت کی کمی کے باعث کسی استاد کے پاس جانا ممکن نہیں وہ اس ایپ سے ضرور مستفید ہو سکیں گے۔ یہ ایک مفصل   ایپ ہے جس میں قرآن کے رموزِ اوقاف اور اعراب کوتفصیلاً سمجھایا گیا اور مثال سے واضح کیا گیا ہے۔ اس میں صوتی سہولت کے ساتھ مختلف حروف کی آواز بھی ہے تا کہ یوزر باآسانی اور بغیر کسی غلطی کے درست تلفظ ادا کرسکے۔

لرن قرآن تجوید یہاں سے ڈاؤن لوڈ کریں

لرن دعائے قنوت (Learn Dua e Qunoot)

مشاہدے سے یہ بات سامنے آئی ہے کہ ہم میں سے ایسے کئی لوگ ہیں جنھیں دعائے قنوت یاد نہیں۔ جنھیں یاد ہے ان کا یہ کہنا ہے کہ یہ دعا یاد کرنے میں کافی دشواری ہوئی۔ اگر یاد نہیں تو یاد کرلی جائے، لیکن یہی کہا جاتا ہے کہ  کوشش کے باوجود یاد نہیں ہوتی، الفاظ زبان پر نہیں چڑھتے، مشکل ہے۔ چونکہ اس دعا کی جگہ تین بار سورۂ اخلاص یا رَبّنا اٰتِنا فِی الدُّنْیا پڑھ کر کام چلایا جاسکتا ہے تو ہم اسی سے کام چلا لیتے ہیں۔ بہرحال یہ جاننے کے باوجود کہ دعائے قنوت وتر میں پڑھی جاتی ہے صرف مشکل ہونے کی بنا پر اسے یاد نہیں کیا جائے، یہ کچھ مناسب بات نہیں لگتی۔ ویسے تو دعائے قنوت بہت سی کتابوں میں  اور انٹرنیٹ پر باآسانی مل جائے گی لیکن یہ ایپ خاص طور پر بچوں کو ذہن میں رکھ کر تیار کی گئی ہے۔ اسی لیے اس ایپ کے ذریعے یہ دعا یاد کرنا قدرے آسان ہے۔ بچے اور بڑے دونوں ہی اس سے بخوبی فائدہ اٹھا سکتے ہیں۔ اس ایپ کو درست طریقے سے کیسے استعمال کیا جائے اس کی تفصیلات بھی  ایپ  میں موجود ہیں۔ لفظ با لفظ ترجمے کے ساتھ اس دعا کو درست تلفظ سے یادکرنے کے لیےکے لیے اس میں صوتی سہولت کے ساتھ عربی کا متن انگریزی رسم الخط میں بھی دیا گیا ہے۔

لرن دعائے قنوت یہاں سے ڈاؤن لوڈ کریں

مفتی طارق مسعود (Mufti Tariq Masood)

دورانِ سفر یا عبادت کے درمیان تھوڑا آرام کرنا چاہیں؛ روزے کی حالت میں طبعیت  میں سستی محسوس ہو، تو لیٹ کر یا بیٹھ کر بھی  دینی معلومات میں اضافہ کیا  جا سکتا ہے، جو ثواب کمانے کا ذریعہ بھی ہے۔ یہ ایپ مفتی طارق مسعود کے بیانات پر مبنی ہے۔ موضوعی اعتبار سے مفتی صاحب کے مختلف بیانات کو ایک جگہ جمع کردیا گیا ہے۔ ان بیانات  کو تاریخ اور موضوع کے اعتبار سے بھی چُنا جاسکتا ہے۔ یہ ایپ دورانِ رمضان ہی نہیں بلکہ عام دنوں میں بھی بہت مفیدہے۔

مفتی طارق مسعود یہاں سے ڈاؤن لوڈ کریں

اسلام پزل گیم (Islam Puzzle Game)

یہ ایپ اس فہرست میں موجود باقی تمام ایپس سے اس لحاظ سے مختلف ہے کہ اس سےنیکی اور ثواب کا کوئی تعلق نہیں۔ روزے کی حالت میں ایسا وقت بھی آسکتا ہے کہ انسان عبادت کر کے  یکسانیت کا شکار ہوجائے۔ ایسے میں اس ایپ میں موجود گیم سے تھوڑی دیر کے لیے دل بہلایا جا سکتا ہے۔

اسلام پزل گیم یہاں سے ڈاؤن لوڈ کریں

اگر آپ  کی نظر سے بھی ایسی کوئی عمدہ ایپ گزری ہے تو ہمیں ضرور آگاہ کیجیے۔

نوٹ:

یہ تحریر مصنفہ نے، اپنے نقطۂ نظر کے تحت،صرف معلومات میں اضافے کے لیے لکھی ہے۔ اس کا مقصد کسی بھی مسلک یا فرقے کی تشہیر کرنا یا کسی کی دل آزاری کرنا نہیں ہے۔ ایسی کسی بھی صورت میں پیشگی معذرت۔

ثنا شاہد
ثنا شاہد، رنگوں، خوشبوؤں اور کتابوں کی دیوانی جو چھوٹی سی زندگی میں بہت کچھ کرنا چاہتی ہیں۔ انگریزی ادب میں ماسٹرز کرنے کے باوجود اردو زبان کا اچھا اور معیاری استعمال نہ صرف سیکھنے بلکہ سکھانے کے لیے بھی کوشاں رہتی ہیں۔ نجی اشاعتی ادارے سے بطور منیجر، پبلشنگ وابستہ ہیں۔

2 thoughts on “رمضان المبارک کے لیے اینڈرائیڈ کی بہترین ایپس”

  1. موبائل رمضان میں بھی مفید ثابت ہوسکتا ہے، موبائل سے نفرت کرنے والے اس پوسٹ سے جان سکتے ہیں کہ کوئی چیز بےکار نہیں ہوتی بلکہ یہ ہمارا عمل ہے جو ہمارے لیے چیزوں کو مفید یا ضرر رساں بناتا ہے۔

اپنی رائے کا اظہار کیجیے